یوریشیا ہائر ایجوکیشن سمٹ (EURIE) 2026 میں پاکستان کی اعلیٰ تعلیمی برتری کی نمائش، خصوصی پاکستان پویلین قائم کیا جائے گا
پاکستان کے 42 رکنی اعلیٰ سطحی تعلیمی وفد کی تین روزہ یوریشیا ہائر ایجوکیشن سمٹ (EURIE) میں شرکت متوقع ہے، جو سے 9 اپریل 2026 تک استنبول، ترکیہ میں منعقد ہوگی۔ اس موقع پر ایک خصوصی "پاکستان پویلین” قائم کیا جائے گا، جہاں ملک کی اعلیٰ تعلیمی صلاحیت، تحقیقی معیار اور جدت پر مبنی ماحولیاتی نظام کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ پویلین پاکستانی جامعات کی نمائندگی، تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے اور عالمی سطح کے اداروں کے ساتھ روابط کو مستحکم کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
وفد کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمٰن کریں گے، جبکہ اس میں ملک بھر کی نمایاں جامعات کے نمائندگان شامل ہوں گے۔ پاکستان پویلین میں شرکت کرنے والے اداروں میں سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف فیصل آباد، یونیورسٹی آف سیالکوٹ، لاہور لیڈز یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، پریسٹن یونیورسٹی، سٹی یونیورسٹی، سِکوس یونیورسٹی، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) اور گفٹ یونیورسٹی شامل ہیں۔
مزید برآں، او آئی سی کامسٹیک، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، بحریہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے اہم نمائندگان بھی وفد کا حصہ ہوں گے، جو پالیسی ڈائیلاگ، تعلیمی روابط اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی میں کردار ادا کریں گے۔
سمٹ میں شرکت کے علاوہ، پاکستانی وفد ترکیہ کی معروف جامعات کے دورے بھی کرے گا اور چیئرمین اے پی ایس یو پی اور EURIE منتظمین کی جانب سے دی جانے والی استقبالیہ تقریبات میں شرکت کرے گا۔ ان سرگرمیوں کے دوران مختلف تعلیمی نشستیں، باہمی تعاون پر مبنی مذاکرات اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط متوقع ہیں۔
اس اقدام کا مقصد اعلیٰ تعلیم، تحقیق، طلبہ کے تبادلے اور جدت کے شعبوں میں پاکستانی اداروں اور عالمی جامعات کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا ہے، جس سے عالمی تعلیمی برادری میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی مزید مستحکم ہوگی۔
