ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تیانجن میں واقع لوبان ٹی وی ای ٹی ایکزیبیشن ہال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) کی اہمیت کو پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کے فروغ، پائیدار ترقی اور افرادی قوت کی مہارتوں کے لیے بنیادی قرار دیا۔
اس موقع پر انہوں نے لوبان انیشی ایٹو کے تحت تربیت حاصل کرنے والے سات پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی جو ہنر کی منتقلی اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کی نمایاں مثال ہیں۔ وزراء نے کہا کہ ایسی تربیت نوجوانوں کو جدید معاشی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
لوبان ورکشاپس کا یہ عالمی منصوبہ 2016 سے اب تک دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں 36 مراکز تک پھیل چکا ہے اور یہ تکنیکی تعلیم میں بین الاقوامی معیار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان نے بھی اس عالمی قدم میں اپنی شمولیت 2018 میں لاہور میں پہلا لوبان ورکشاپ قائم کر کے اختیار کی، جو نوجوانوں کو فنی تعلیم فراہم کرنے اور چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنا ہے۔
