عالمی ادارہ صحت اور اس کے ذیلی ادارے، سینٹ جوڈز کے ماہرین نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ملک میں کینسر کے علاج کی موجودہ سہولیات، پالیسیوں اور طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے۔ اس تعاون کا مقصد پاکستان میں کینسر سے متاثرہ بچوں کے لیے علاج کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
عالمی ادارہ صحت اور سینٹ جوڈز پاکستان میں ہر سال 8000 بچوں کو مفت کینسر کی ادویات فراہم کرنے کا مشترکہ ہدف رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں ماہرین نے پاکستان میں دستیاب علاج کی سہولیات، طبی پالیسیوں اور عملی اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا تاکہ کینسر کے مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ شراکت داری پاکستان میں کینسر سے متاثرہ بچوں اور اُن کے خاندانوں کے لیے علاج کو آسان اور مؤثر بنانے میں اہم رول ادا کرے گی، جبکہ اس سے صحت کے شعبے میں معیار اور بہتری کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
