چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پاک سیکریٹریٹ میں نئی تعمیر شدہ پارکنگ ایریا کا معائنہ کیا اور اس منصوبے کو وفاقی دارالحکومت کے پارکنگ کے طویل المدتی مسائل کے مستقل حل کے طور پر باضابطہ طور پر فعال کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس منصوبے کے ذریعے ملازمین، قریبی دفاتر اور وزیٹرز کو بہتر سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شہری سہولت میں بہتری متوقع ہے۔
دورے کے موقع پر ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے اور چیئرمین کو منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بتایا گیا کہ پارکنگ ایریا تقریباً 133,729 مربع فٹ پر محیط ہے اور اس میں ایک ہزار سے زائد گاڑیاں باآسانی کھڑی کی جا سکیں گی۔ منصوبے کی تکمیل سے پاک سیکریٹریٹ کے ملازمین کے ساتھ ساتھ قریبی سرکاری دفاتر کے شہریوں اور وزیٹرز کو خاطرخواہ سہولت میسر آئے گی۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ منصوبہ سی ڈی اے کی شہری سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس طرح کے اقدامات اسلام آباد کو ایک منظم اور شہری دوست دارالحکومت بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے مسائل کا حل نہ صرف ٹریفک کے دباؤ کو کم کرے گا بلکہ شہریوں کا وقت اور توانائی بھی محفوظ ہوگی۔
چیئرمین نے انجینئرنگ وِنگ اور منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے منصوبے سرکاری امور کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہ پارکنگ کے نظام کو منظم رکھنے کے لیے گاڑیاں صرف مختص شدہ جگہوں اور شیڈز میں کھڑی کی جائیں اور شہری رہنمائی کے لیے معیاری سائن بورڈز نمایاں مقامات پر نصب کیے جائیں تاکہ آنے والوں کو آسان اور واضح ہدایات مل سکیں۔
چیئرمین نے جامع مسجد کے ساتھ موجودہ پارکنگ کو مزید بہتر اور وسیع کرنے اور اسے فوری طور پراپریشنل کرنے کی ہدایت دی، نیز مسجد کے قریب اضافی پارکنگ سہولت قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ سیکریٹریٹ اور گردونواح کے دفاتر کے پارکنگ کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔
منصوبہ میں سکیورٹی، روشنی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو لازمی قرار دیا گیا تاکہ عوام محفوظ اور آرام دہ ماحول میں پارکنگ کی سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں وفاقی دارالحکومت کے دیگر علاقوں میں بھی جدید پارکنگ منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کو موثر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
