پاکستان نیوی کے تین کموڈورز کو ریر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والے افسران میں محمد شہنواز خان، عاصم سہیل ملک اور سہیل احمد اعظم شامل ہیں جن کی پیشہ وارانہ خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل محمد شہنواز خان کو 1993 میں پاکستان نیوی کی سپلائی برانچ میں کمیشن ملا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے جنرل اسٹورز ڈپو، پی این ایس رضا اور کئی اہم کمانڈ اور اسٹاف اسائنمنٹس سمیت اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (ایجوکیشن) کے فرائض انجام دیے، جبکہ اس وقت وزارت دفاع پروڈکشن میں ڈی جی مونیشن پروڈکشن کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
ریئر ایڈمرل عاصم سہیل ملک 1995 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن ہوئے۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے علاوہ بنگلہ دیش اور چین سے بھی دفاعی کورسز مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پی این ایس زرار اور پی این ایس شمشیر سمیت مختلف کمانڈز سنبھالیں، نیز نیول ہیڈکوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنل پلان) جیسے عہدوں پر بھی فائز رہے۔ وہ فی الوقت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈی جی سی فور آئی کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ریئر ایڈمرل سہیل احمد اعظم 1996 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن ہوئے۔ وہ برطانیہ میں برٹینیا رائل نیول کالج، پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے تعلیم یافتہ ہیں۔ اپنے کیرئیر میں انہوں نے پی این ایس نصر کی کمانڈ، پاکستان نیول اکیڈمی کی کمانڈ، اور متعدد اسٹاف پوزیشنز کے علاوہ بیرون ملک بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس وقت وہ کمانڈر سنٹرل پنجاب اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے عہدوں پر فائز ہیں۔
ان افسران کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
