پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیحییٰ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں کویتی قیادت کی جانب سے شمالی پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ کویت نے یقین دلایا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے حالیہ سیلابوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الصباح کی جانب سے ہمدردی اور تعزیت کا پیغام پہنچایا۔ کویتی حکومت اور عوام نے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مشکل حالات میں ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے اس جذبہ اخوت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ جلد جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں ملاقات کریں گے۔
