اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے بنگلہ دیشی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور اے ایف ایم خالد حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مذہبی تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستانی عوام بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ گہرے برادرانہ جذبات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ روایات، اسلامی ورثے، سماجی اقدار اور ادبی رانوں پر مبنی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں بہتری پورے خطے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ بنگلہ دیشی وفد کے سربراہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت مذہبی امور کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران سردار محمد یوسف نے دونوں ممالک کے علماء کرام اور مدارس کے طلباء کے وفود کے تبادلے کی تجویز بھی پیش کی، جسے بنگلہ دیشی وفد نے سراہا۔ دونوں ممالک نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلہ دیشی وفد پاکستان میں ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس میں شرکت کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
