پاکستان اور امریکہ میں بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششیں

newsdesk
2 Min Read

وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے معاشرے میں مذہبی رواداری، یکجہتی اور تمام کمیونٹیز کے لیے یکساں احترام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

کھیل داس کوہستانی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی اور مختلف برادریوں کے درمیان باہمی احترام کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے، اور ملک دنیا بھر کے لیے مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی بہترین مثال پیش کر رہا ہے۔

نٹالی بیکر نے پاکستان کے مذہبی اور ثقافتی تنوع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس تنوع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں تمام کمیونٹیز کے درمیان احترام اور رواداری کو فروغ دینے پر اتفاق پایا جاتا ہے اور امریکہ اس مقصد کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا خواہاں ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ناظم الامور نٹالی بیکر اور کھیل داس کوہستانی کے درمیان مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر تعمیری گفتگو ہوئی۔ امریکہ نے پاکستان کی مذہبی و ثقافتی دولت اور مختلف کمیونٹیز کے احترام کے فروغ کو سراہا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے