اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں نئے قائم ہونے والے پیڈل ٹینس کورٹ کا معائنہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد شاہد اور معروف میراتھن رنر دانش الٰہی نے کیا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل شازیہ شمیم رضوی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
دانش الٰہی نے پیڈل ٹینس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی اور بتایا کہ ان کی بیٹی بھی جلد تربیت فراہم کرنے میں معاونت کرے گی۔ اس موقع پر کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس گیم کو پاکستانی نوجوانوں میں مقبول بنایا جائے گا۔
سیکریٹری انٹر پروونشیل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ جلد ہی اس نئے کھیل کے باضابطہ تربیتی سیشنز کا آغاز ہوگا اور اس مقصد کے لیے باصلاحیت کوچز کی بھرتی بھی کی جائے گی۔ ان سیشنز کا مقصد طلبہ کی مہارتوں کو نکھارنا اور انہیں پیڈل ٹینس کی باقاعدہ تربیت فراہم کرنا ہے۔
