ہسپتالوں میں آکسیجن سپلائی کے رہنما اصول اور حفاظتی تقاضے

newsdesk
3 Min Read

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے اسپتالوں میں آکسیجن سپلائی کے نظام سے متعلق رہنما اصولوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا، جس کا مقصد صحت کے مراکز کے لیے ایک جامع پالیسی تشکیل دینا ہے۔ اس اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پلمونولوجسٹ/انٹینسیوسٹ، کریٹیکل کیئر ایکسپرٹ، بایومیڈیکل انجینئرز اور کمیشن کے ٹیکنیکل اسٹاف سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسپتالوں کے آئی سی یوز، ایچ ڈی یوز، آپریٹنگ تھیٹرز، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس، نوزائدہ بچوں کے یونٹس و دیگر ان ڈور یونٹس میں آکسیجن کی مسلسل اور محفوظ فراہمی کو یقینی بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ماہرین نے کہا کہ آکسیجن کے نظام کی فراہمی، اسٹوریج، ہینڈلنگ اور استعمال کے لیے مضبوط حفاظتی معیار کا ہونا ضروری ہے جبکہ انفراسٹرکچر کی تیاری، بایومیڈیکل انجینئرنگ سپورٹ اور اسٹاف ٹریننگ آپریشنل معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہیں۔ اس ضمن میں بیک اپ سسٹمز اور ہنگامی منصوبہ بندی پر بھی زور دیا گیا تاکہ آکسیجن فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔

ماہرین نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ آکسیجن کوالٹی اور سپلائی کے سلسلے میں انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (آئی پی سی) کی سخت تدابیر اپنانا ضروری ہے اور ساتھ ہی اس کے ساز و سامان کی حفاظت کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔ ناقابل استعمال سلنڈرز اور پرانے آلات کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانا بھی حفاظت کے تقاضوں کے مطابق عمل میں لانا چاہیے تاکہ کسی قسم کے خطرات سے بچا جا سکے۔ آکسیجن کی فراہمی اور مریضوں کو انتظام میں باقاعدہ نشاندہی کے لیے موزوں سائن بورڈز کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آکسیجن بنانے والی فیکٹریوں اور وینڈرز سے وابستہ حفاظتی اور کوالٹی کے معیارات وہ تمام اسپتال بھی اپنائیں گے جو اپنے ادارے میں آن سائٹ آکسیجن کنسنٹریٹر استعمال کرتے ہیں۔ شرکاء نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ ہر صحت کا مرکز اپنی انفراسٹرکچر اور طبی ضروریات کے مطابق خود مختار آکسیجن سپلائی پالیسی مرتب کرے گا تاکہ مؤثر، حوالے پر مبنی اور پائیدار نظام کے ذریعے مریضوں کی حفاظت اور علاج میں تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے