وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے مسلم ہینڈز پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید جاوید گلانی اور پراجیکٹ میدان کے سربراہ ریحان طاہر سے ملاقات کی، جس میں خارج ازِ مدرسہ بچوں کے مسئلے کے حل اور شمولیتی تعلیم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں شرکاء نے ملک بھر میں بچوں کی تعلیم تک رسائی بہتر بنانے اور انہیں دوبارہ تعلیمی عمل میں شامل کرنے کے طریقۂ کار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ حکومتی و غیر سرکاری شعبے کے مابین شراکت داری کے فروغ کو اس مسئلے کے حل کے لیے کلیدی قرار دیا گیا۔
بات چیت کا محور شمولیتی تعلیم کو عام کرنا، محروم طبقوں تک تعلیمی خدمات کی فراہمی اور خارج ازِ مدرسہ بچوں کی شناخت و شمولیت کے اقدامات تھے۔ دونوں فریقین نے مختلف تعلیمی مداخلتوں اور تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا تاکہ مؤثر اور پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر تعلیمی معیار اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے، وسائل کے اشتراک اور مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ پاکستان بھر میں تعلیم کے فروغ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
