اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات اور جرائم کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، نیشنل کوآرڈی نیشن سیل آف انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور نیکٹا کی ٹیموں کے لیے ایک خصوصی تربیتی سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس سیشن کا مقصد منظم جرائم کے خلاف جدوجہد میں جدید اوپن سورس انٹیلی جنس (او ایس آئی این ٹی) ٹیکنیکس اور سماجی روابط پر مبنی ٹیکنالوجی "کرائم وال” کے استعمال کی تربیت دینا تھا۔
شرکاء کو عملی تربیت کے دوران یہ سکھایا گیا کہ کس طرح مختلف ذرائع سے ڈیٹا اکٹھا کرکے اس کا تجزیہ کیا جا سکتا ہے اور اجتماعی تعاون کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیوں کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔ تربیت میں خاص طور پر اس بات پر توجہ دی گئی کہ کس طرح اوپن سورس پلیٹ فارمز سے ملنے والی معلومات کو جدید سافٹ ویئر اور تکنیکی مہارتوں کے ذریعے استعمال کیا جائے تاکہ تفتیشی عمل میں شفافیت اور کامیابی میں اضافہ ہو۔
اس تربیتی سیشن کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں کو نہ صرف منظم جرائم کے نئے طریقوں سے آگاہ کیا گیا بلکہ انہیں ان جرائم سے نمٹنے کے لیے جدید تکنیکی ہتھیار بھی فراہم کیے گئے۔ تربیت کے اختتام پر شرکاء نے اپنی مہارتوں میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس قسم کی جدید تربیت مستقبل میں بھی جاری رکھی جائے گی۔
