چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا بارسلونا پہنچ گئے جہاں انہوں نے پاک فیڈریشن اسپین کے زیر انتظام انٹرنیشنل کنونشن میں شرکت کے لیے دورہ کیا۔ بارسلونا ائیرپورٹ پر پاک فیڈریشن اسپین کے صدر فیض اللہ ساہی کی قیادت میں ایک وفد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی چوہدری سالک گوندل، کاروباری شخصیت چوہدری مسرت علی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
اپنے دورے کے دوران سید قمر رضا مختلف کاروباری اور سماجی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح اور پاکستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ چیئرمین او پی ایف کا دورہ اسپین، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل کی کوششوں کے تسلسل کا حصہ ہے۔
