وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل آرڈیننس 2025 کے مسودے پر غور کیا گیا جس کا مقصد نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبے میں اصلاحات اور معیارات کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری، جوائنٹ سیکریٹری (ایڈمن)، اور ڈائریکٹر جنرل برائے وزیر نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبے کی ترقی اور ان میں بہتری لانے پر زیربحث آیا۔ آرڈیننس کے اہم نکات میں پیشہ ورانہ معیارات کو بہتر بنانا، اداروں کی رجسٹریشن کے معاملات کو شفاف بنانا اور نرسز کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنا شامل تھا۔ حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق اصلاحات سے صحت کے نظام میں بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ نرسنگ شعبہ صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس شعبے کو مضبوط بنانا قومی صحت کے نظام کی بہتری کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسز اور مڈوائف کی معیاری تربیت سے نہ صرف مریضوں کی دیکھ بھال میں اضافہ ہوگا بلکہ صحت کے شعبے میں عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی بہتر ہوگی۔
