نیشنل رجسٹریشن امتحان (NRE) اسٹیپ ون کے نتائج کا اعلان

newsdesk
2 Min Read
پاکستان میڈیکل اور ڈینٹل کونسل نے قومی رجسٹریشن امتحان پہلے مرحلے کے نتائج جاری کر دیے، کل ۷٬۰۱۲ میں سے ۱٬۴۷۳ کامیاب ہوئے۔

نیشنل رجسٹریشن امتحان (NRE) اسٹیپ ون کے نتائج کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے نیشنل رجسٹریشن امتحان (NRE) اسٹیپ-1 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ امتحان 14 دسمبر 2025 کو نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (NUMS) کے زیرِ انتظام منعقد کیا گیا تھا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 7 ہزار 12 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 1 ہزار 473 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ نتائج کے مطابق میڈیکل گریجویٹس کی کامیابی کی شرح 21.17 فیصد جبکہ ڈینٹل گریجویٹس کی کامیابی کی شرح صرف 7.23 فیصد رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق میڈیکل کے 1 ہزار 467 امیدوار امتحان میں کامیاب ہوئے، جبکہ ڈینٹل کے صرف 6 امیدوار پاس ہو سکے۔ پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدوار اپنا نتیجہ کونسل کی آفیشل ویب سائٹ پر رول نمبر کے ذریعے چیک کر سکتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیشنل رجسٹریشن امتحان اسٹیپ-II (کلینیکل امتحان) کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ دونوں مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدواروں کو ہاؤس جاب کے لیے عارضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔

پی ایم ڈی سی نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ صرف بیرونِ ملک تسلیم شدہ اور منظور شدہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں کروائیں۔ کونسل کے مطابق غیر معیاری اداروں کا انتخاب نہ صرف مالی نقصان کا سبب بنتا ہے بلکہ طلبہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے