گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل پریس کلب کی نئی منتخب باڈی کو دلی مبارکباد پیش کی اور نئی قیادت سے صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ میں اہم کردار کی امید ظاہر کی۔گورنر نے صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، سیکرٹری فنانس عابد عباسی، سینئر نائب صدر احتشام الحق، نائب صدور عثمان خان، بشیر چوہدری اور سحرش قریشی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی، جوائنٹ سیکرٹریز سید عون شیرازی، جاوید بھاگٹ اور شکیلہ جلیل، ممبر گورننگ باڈی عامر بٹ اور ابرار حسین استوری سمیت دیگر گورننگ باڈی ممبران کو خصوصی مبارکباد دی۔صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے گورنر کو اپنے منشور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی عمارت گزشتہ بیس سال سے اسی حالت میں ہے اور اسے جدید معیار کے مطابق بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں خصوصاً پاکستان پیپلز پارٹی سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صحافیوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں۔سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ نئی منتخب باڈی صحافیوں کے مسائل کے حل، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے آزادی صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرنے اور نیشنل پریس کلب کو ایک فعال اور مضبوط ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔سیکرٹری فنانس عابد عباسی نے گورنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحافی برادری کو سیاسی قیادت خصوصاً پاکستان پیپلز پارٹی سے بھرپور تعاون کی توقع ہے تاکہ نیشنل پریس کلب کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا سکے اور اس کی عمارت و سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ادارے کے وقار کو مزید بلند کرے گی اور صحافیوں کے عملی مسائل کے حل کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافتی اداروں کی مضبوطی جمہوری روایات کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔صحافتی حلقوں نے گورنر کے تہنیتی پیغام اور نئی منتخب باڈی کے منشور کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے نیشنل پریس کلب کی بہتری کے لیے مثبت پیش رفت بتایا اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ عرصے میں صحافیوں کے مسائل میں خاطر خواہ کمی دیکھی جائے گی۔
