پاکستانی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی میزبانی میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جنوبی ایشیا کے لیے دریاؤں اور سمندروں کو پلاسٹک سے پاک رکھنے کے منصوبے، اقوامِ متحدہ کے پروگرام برائے منصوبہ جاتی خدمات اور ورلڈ بینک کے نمائندے شریک تھے۔ اس نشست کا مرکزی مقصد قومی پلاسٹک منصوبہ کی تیاری اور ملک گیر سطح پر ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی و رپورٹنگ کے نظام کا تعارف اور اس کا نفاذ تھا۔ورکشاپ کے دوران سینئر محقق نے قومی پلاسٹک منصوبہ کی تیاری کے مراحل اور دستاویزات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور منصوبہ میں شامل اہداف، ترجیحات اور متوقع سرگرمیوں کی وضاحت کی۔ شرکاء نے قومی پلاسٹک منصوبہ کے مقاصد کو ملکی سطح پر عملی شکل دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز ورلڈ بینک اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کار کے نمائندوں کے تقریروں سے ہوا جنہوں نے مالیاتی معاونت، پالیسی ہم آہنگی اور بین الاقوامی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ماحولیاتی ادارے کے نمائندوں نے قومی سطح پر ذمہ داریوں اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔پلاسٹک فضلہ کے انتظام کے ماہر نے اہداف، ٹارگٹس اور مجوزہ سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح مقامی، علاقائی اور قومی سطح پر اقدامات ترتیب دیے جائیں گے۔ اس کے بعد پالیسی ماہر نے نفاذ، نگرانی اور رپورٹنگ کے عملی طریقہ کار پر بات کی اور ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے نظام کے رول آئوٹ کا خاکہ پیش کیا جسے قومی پلاسٹک منصوبہ کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔پالیسی کے کردار پر مبنی ایک پینل بحث میں ماحولیاتی اور پالیسی ماہرین، ری سائیکلنگ صنعت کے نمائندے اور علمی حلقوں کے شرکاء نے شرکت کی اور اس امر پر گفتگو کی کہ مناسب پالیسی فریم ورک کس طرح ری سائیکلنگ میں سرمایہ کاری کو متحرک کرسکتا ہے۔ شرکاء نے قانون سازی، مالی مراعات اور عوامی نجی شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے مقامی سطح پر نفاذ، نگرانی کے ڈیجیٹل آلات اور رپورٹنگ میکانزم کے چیلنجز پر اپنے سوالات اٹھائے جبکہ اختتامی کلمات اور شکریہ ادا کرنے کا موقع ماحولیاتی ادارے کے ڈائریکٹر نے لیا۔ ورکشاپ میں شریک مختلف فریقین نے عملی اقدام اور بین الاداراتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔یہ ورکشاپ حکومت، ترقیاتی شرکاء، پالیسی ماہرین، ری سائیکلنگ صنعت کے نمائندوں اور علمی حلقوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائی جس کا مقصد قومی پلاسٹک منصوبہ کو مضبوط بنیاد فراہم کرنا اور ملک میں پلاسٹک آلودگی کے خلاف موثر نگرانی و رپورٹنگ نظام قائم کرنا تھا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ مربوط کوششوں سے ہی پلاسٹک سے پاک اور پائیدار مستقبل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
