نیشنل پیڈل رینکنگ کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کراچی کے کے ایم سی میدان اسٹیڈیم میں جاری ہیں، جہاں مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں ناک آوٹ مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے اور کوارٹر فائنل لائن اپ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد اس ایونٹ سے لطف اندوز ہورہی ہے جسے پاکستان پیڈل فیڈریشن نے سندھ پیڈل، پیڈل ایشیا، انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن اور میدان پاکستان کے تعاون سے منعقد کیا ہے۔
مینز کیٹیگری میں چار اہم کوارٹر فائنل مقابلے کھیلے جائیں گے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں کچی برادران اور پیڈل ماسٹرز آمنے سامنے ہوں گے۔ دوسرے کوارٹر میں لائنز کی ٹیم کا مقابلہ ٹیم اللٰہ والا سے ہوگا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں کمار برادران اور پیڈل اسٹارز مد مقابل آئیں گے، جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں ٹیم ایس کے اور سعد و نفیس کی ٹیم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
خواتین کے مقابلوں میں بھی دلچسپ میچز شیڈول ہیں۔ پہلے کوارٹر فائنل میں پیڈل ٹیم اور سائرہ و السا کی ٹیم میں مقابلہ ہوگا۔ دوسرا کوارٹر ایم یو وی اور ایس او ایس کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ تیسرے کوارٹر میں ماہ نور اور سحر کی ٹیم ایس فیکٹر سے ٹکرائے گی، جبکہ آخری کوارٹر فائنل میں سلینا اور مومینا کی ٹیم اسٹرائیکرز کا سامنا کرے گی۔
پیر کے روز کھیلے گئے گروپ میچز میں پیڈل ٹیم نے ایس فیکٹر کو شکست دی۔ ایم یو وی نے اسٹرائیکرز کو ہرایا، سائرہ اور السا کی ٹیم نے ڈسٹرک کو زیر کیا جبکہ ایس او ایس نے سمیشرز کو بآسانی ہرا دیا۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ کے سیمی فائنل بدھ کو اور فائنل میچ جمعرات کو منعقد ہوں گے۔ نیشنل پیڈل رینکنگ کپ کے ونر کو چھ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ملک میں پیڈل کے کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
