اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں متحرک کرنے کے لیے لاہور قلندرز کی کوششوں کو سراہا گیا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نوجوانوں کو مثبت سمت میں رہنمائی فراہم کرنا ملک کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ٹیلنٹ کو تعمیری مقصد کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے لاہور قلندرز کی جانب سے خواتین کو بھی کھیلوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے اقدام کو اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدامات معاشرتی شمولیت اور خواتین کی خودمختاری کی طرف اہم پیش رفت ہیں۔
ملاقات میں سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے بتایا کہ پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر سے ایک لاکھ سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کرنا لاہور قلندرز کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ ان علاقوں میں غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے۔ عاطف رانا نے اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ خواتین کرکٹرز کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ملک کے 25 سے زائد شہروں میں کامیابی سے منعقد ہوچکا ہے، جس سے خواتین ٹیلنٹ کی دریافت اور تربیت ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا مشن ہے کہ کھیل اور تفریح کے مواقع عام لوگوں تک پہنچائے جائیں، تاکہ ہر طبقے کو کھیلوں میں شامل کیا جاسکے۔ سردار ایاز صادق نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات پاکستان کی مثبت شناخت اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
