نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE)، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام ایک ہفتے پر محیط تربیتی پروگرام برطانیہ میں کامیابی سے مکمل ہوا۔ اس تربیتی اقدام کا مقصد پاکستانی جامعات میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا تھا۔
اس پروگرام کا انعقاد برٹش کونسل پاکستان، کنگز کالج لندن اور STEM لرننگ سینٹر یارک کے تعاون سے کیا گیا۔ پاکستان یو کے ایجوکیشن گیٹ وے کے تحت اس تربیت میں ملک بھر کی 62 جامعات کے لیکچرارز اور اسسٹنٹ پروفیسرز نے شرکت کی۔ تربیتی سیشنز میں جدید تدریسی طریقہ کار، بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری، اور دنیا بھر میں رائج بہترین تدابیر پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔
شرکاء نے برطانیہ کی معروف جامعات اور ثقافتی مقامات کا دورہ بھی کیا جس سے ان کے علم اور بصیرت میں اضافہ ہوا۔ اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد یہ شرکاء اپنے اپنے اداروں میں نئی مہارتیں منتقل کر کے ملکی تعلیمی معیار کو مزید فروغ دیں گے۔
