وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال اور یونیسف کی کنٹری نمائندہ پرنیلے آئرن سائیڈ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں آبادی کے مسائل، ماں اور بچے کی صحت اور پولیو کے مکمل خاتمے پر مفصل گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر صحت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اب بھی دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان ایسے دو ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس موجود ہے اور اس کے خاتمے کے لیے اسے جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد افغانستان کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان پولیو کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت صحت بیماریوں کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان کی اولین ترجیح لوگوں کو بیماریوں سے بچانا ہے، کیونکہ احتیاط علاج سے کہیں بہتر ہے۔ اس حوالے سے یونیسف کے تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا اور مستقبل میں مل کر ملک سے پولیو سمیت دیگر امراض کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
