پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے مسلم INGOs کی مشترکہ ہنگامی امداد

newsdesk
2 Min Read

اسلام آباد میں مسلم این جی اوز فورم کے زیراہتمام ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں خصوصاً مانسہرہ، بونیر اور سوات کی سنگین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں کام کرنے والی تمام مسلم بین الاقوامی این جی اوز مل کر متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کریں گی۔

اجلاس کی صدارت محمد رضوان نے کی، جبکہ زکاة فاؤنڈیشن آف امریکہ کے دفتر میں ہونے والے اس اجلاس میں مختلف بین الاقوامی مسلم این جی اوز، جن میں زکاة فاؤنڈیشن آف امریکہ، مسلم ایڈ، اسلامی ریلیف، مسلم ہینڈز، پاک ایڈ، ہیومن ریلیف فاؤنڈیشن، بیت المال امریکہ اور ریڈ فاؤنڈیشن سمیت دیگر تنظیموں کے سربراہان اور سینئر نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے سینکڑوں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں، گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر فورم نے فیصلہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔ ابتدائی امداد میں تیار شدہ کھانا، ضروری راشن اور گھریلو استعمال کی اشیاء تقسیم کی جائیں گی۔

فورم نے اعلان کیا کہ خصوصی تربیت یافتہ ٹیمیں مزید علاقوں میں تعینات کی جائیں گی تاکہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جاسکے۔ اس مقصد کے لیے ابتدائی طور پر فورم نے ایک ملین امریکی ڈالر مختص کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فوری ریسکیو کے بعد متاثرین کی بحالی اور دوبارہ تعمیر نو کے اقدامات بھی مشترکہ طور پر کیے جائیں گے، تاکہ متاثرین کو دیرپا سہولیات اور معاونت فراہم کی جاسکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے