مصریوٹ ڈیم کے قریب عوامی پارک قائم کرنے کا فیصلہ

newsdesk
2 Min Read
راولپنڈی میں مصریوٹ ڈیم اور دھمیال جنگلات کے قریب عوامی پارک قائم کرنے کا فیصلہ، ماحولیاتی تحفظ اور شہری تفریح کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ کی صدارت میں مصریوٹ ڈریم کے مقام پر ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جہاں کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عبدالعامر خٹک کی ہدایات کے تحت علاقے کے تحفظ اور ترقی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات، محکمہ آبپاشی، محکمہ ماحولیات، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی، آر ڈی اے کے نمائندے اور پراجیکٹ کنسلٹنٹ شریک تھے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مصریوٹ ڈیم اور دھمیال جنگلات کے قریب ایک عوامی پارک قائم کیا جائے گا تاکہ علاقے کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھا جا سکے اور جنگلاتی زمین کو قبضہ گروہوں سے بچایا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت پکنک مقامات، واکنگ ٹریکس اور خاندانوں کے لیے ماحول دوست جگہیں شامل کرنے کی سفارشات پیش کی گئیں تاکہ عوام کو معیاری تفریحی سہولیات میسر آئیں۔کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ مصریوٹ ڈیم پارک نہ صرف ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ راولپنڈی کے رہائشیوں کے لیے ایک پائیدار سبز جگہ فراہم کرے گا جو شہری فلاح و بہبود میں اضافہ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں متعلقہ محکموں کا مشترکہ کردار اہم ہوگا اور حفاظتی اقدامات کو ترجیح دی جائے گی۔اجلاس میں شریک حکام نے علاقے میں جلد از جلد ابتدائی سروے اور ڈیزائن ورک شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مستقبل میں اس منصوبے سے علاقائی ماحولیاتی توازن بہتر ہوگا اور شہریوں کو تفریح کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ مصریوٹ ڈیم پارک کے قیام کے لیے آگے کے مراحل پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے