میڈیکل ڈیوائسز کی ڈیجیٹل رجسٹریشن اور لائسنسنگ میں آسانی

newsdesk
3 Min Read

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے حال ہی میں نافذ کیے گئے آن لائن سسٹم کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے ملک میں معیاری میڈیکل ڈیوائسز کی بروقت اور آسان فراہمی ممکن ہوئی ہے جبکہ کاروباری حلقوں کو بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ڈی آر اے پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیر صحت کو اس ڈیجیٹل نظام سے متعلق بریفنگ دی، جس کے مطابق نظام کے آغاز سے اب تک 940 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں رجسٹریشن، لائسنسنگ اور ان کی تجدید سے متعلق مختلف درخواستیں شامل ہیں۔ اب تک 188 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں اور متعلقہ کمپنیوں کو ڈیجیٹل لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی درخواستیں مقررہ وقت میں نمٹا دی جائیں گی۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ میڈیکل ڈیوائسز کے ریگولیٹری نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری بھی بڑھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان کے ریگولیٹری نظام پر عالمی سطح پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور میڈیکل ڈیوائسز کے معیار میں بھی بہتری آئی ہے۔

وزیر صحت کے مطابق اس ڈیجیٹل ریفارم سے پہلے میڈیکل ڈیوائسز کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے 18 سے 24 ماہ انتظار کرنا پڑتا تھا، جو کاروباری افراد کے لیے ایک بڑی رکاوٹ تھی، مگر اب مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم کے تحت صرف 20 دنوں میں لائسنس جاری کیا جا رہا ہے۔ شہری اب اپنے گھروں سے ہی آن لائن درخواست دے سکتے ہیں اور آسانی سے ڈیجیٹل لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

اس سسٹم سے نہ صرف درخواست گزاروں کے لیے سہولت پیدا ہوئی ہے بلکہ ریگولیٹری عمل کی نگرانی اور انتظام میں بھی بہتری آئی ہے۔ حکومت نے اس اصلاحات کے ذریعے شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمت کے اپنے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے