پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2025 کی فیس میں 80 فیصد اضافے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ اس سال فیس صرف 12.5 فیصد بڑھی ہے۔ کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے اور امتحان 5 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق سوشل میڈیا پر ایم ڈی کیٹ فیس میں 80 فیصد اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ایم ڈی کیٹ فیس آٹھ ہزار روپے تھی جبکہ رواں سال یہ نو ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، یوں صرف ایک ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ نئی فیس کا فیصلہ امتحان منعقد کرنے والی یونیورسٹیوں کی درخواست پر کیا گیا ہے، جس کی وجہ امتحانات کے انتظامی اخراجات، پرنٹنگ کے بڑھتے اخراجات، سیکورٹی اقدامات اور امتحانی عملے کی ادائیگی ہے۔
کونسل نے مزید بتایا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحان کا انعقاد وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نامزد یونیورسٹیاں کریں گی اور پی ایم ڈی سی صرف ریگولیٹر کا کردار ادا کرے گی۔ امتحان کے لیے نیا اور یکساں نصاب تیار کیا گیا ہے جس پر ملک بھر کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔ کونسل نے ایمانداری اور مساوات کو یقینی بناتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ امتحان ہر طالب علم کے لیے قابل رسائی رہے گا اور ہر امیدوار کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ایم ڈی کیٹ امتحان لاہور کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (پنجاب)، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی (سندھ)، خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور (خیبر پختونخوا)، بولان یونیورسٹی کوئٹہ (بلوچستان) اور شھید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد (اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بین الاقوامی مراکز) کے تحت منعقد ہوگا۔
ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے آن لائن رجسٹریشن پاکستان اور بیرون ملک طلبہ کے لیے شروع ہوچکی ہے، جو مقررہ مدت کے بعد تاخیر سے فیس کے ساتھ قبول کی جائے گی۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درخواست فارم درست طریقے سے اور مکمل معلومات کے ساتھ جمع کرائیں ورنہ نظام خودکار طور پر درخواست مسترد کر دے گا۔ امتحان انگریزی زبان میں، پیپر پر مبنی اور کُل 180 ایم سی کیوز پر مشتمل ہوگا جس میں بائیولوجی 81، کیمسٹری 45، فزکس 36، انگلش 9 اور لاجیکل ریزننگ کے 9 سوالات شامل ہوں گے۔ امتحان میں منفی مارکنگ نہیں رکھی گئی ہے۔
متعلقہ نصاب کونسل کی ویب سائٹ www.pmdc.pk پر دستیاب ہے اور امیدوار رجسٹریشن کے لیے mdcat.pmdc.pk پر فارم جمع کروا سکتے ہیں۔ نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
