اسلام آباد میں ورکز ویلفیئر فنڈ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی افواج کی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ مارکہ حق کا تاریخی واقعہ آزادی کی جدوجہد کے اس طویل سفر کا تازہ باب ہے جو 1947 میں شروع ہوا اور آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور عزت سرحدوں سے نہیں بلکہ ایک زندہ نظریے کے تسلسل سے منسلک ہیں۔
وفاقی وزیر نے چند ماہ قبل پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کو ناکام بنا کر ایک اور سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف عسکری فتح نہیں بلکہ اس نظریے کی کامیابی ہے جس پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
انہوں نے ورکز ویلفیئر فنڈ کی لیبر کلاس کے لیے معیاری تعلیم، بہتر صحت اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی محمد اویس سقلین نے بھی صنعتی کارکنوں کی فلاح کے لیے ورکز ویلفیئر فنڈ کی کوششوں کی تعریف کی۔
تقریب کا آغاز سیکرٹری ورکز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی جانب سے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
اس موقع پر ورکز ویلفیئر فنڈ کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور وطن سے محبت کے مظاہرے پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔ اس سیمینار میں وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانی ندیم اسلم چوہدری سمیت بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی معززین نے شرکت کی۔
