ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری اتاما حاجی محمد بن حاجی حسن نے پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور شمالی پاکستان میں حالیہ سیلابی صورت حال کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ملائیشین وزیر خارجہ نے پاکستان کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے لیے دعاگو ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشین حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار ہمدردی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں خصوصاً ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں عالمی تعاون اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت ہے اور عالمی برادری کو اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے چاہیے۔
