لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمز) نے "معرکہ حق” انٹر یونیورسٹی ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپیئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ یہ ٹورنامنٹ سی ای بی ایس یونیورسٹی جامشورو میں منعقد ہوا جس کا مقصد پاکستان کے یوم آزادی کی خوشی منانا اور سندھ بھر کی یونیورسٹیوں کے بہترین ایتھلیٹس کی صلاحیتوں کو سامنے لانا تھا۔
حتمی مقابلے میں لمز کا مقابلہ یونیورسٹی آف سندھ کی ٹیم کے ساتھ ہوا، جس میں لمز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی اور چیمپیئن شپ ٹرافی اپنے نام کی۔ اس ٹورنامنٹ میں کل سات یونیورسٹیوں نے حصہ لیا جن میں سی ای بی ایس یونیورسٹی جامشورو، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد اور اسرا یونیورسٹی حیدرآباد بھی شامل تھیں۔
فائنل میچ کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافی لمز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اوجھا نے پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اوجھا نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم "معرکہ حق” کی جیت کو ہر فورم پر منائیں گے اور یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کو مشن کا حصہ بنایا گیا ہے، تعلیم اور کھیل دونوں ہی طلبہ کی ذہنی اور جسمانی مضبوطی کے لیے ضروری ہیں۔ ڈاکٹر اوجھا کے ان خیالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یونیورسٹی تعلیمی کارکردگی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔
