کراچی: لوریئل پاکستان نے "ویمن آف ورتھ پاکستان” کے نام سے ایک قومی سطح کا پلیٹ فارم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد معاشرے میں نمایاں اور مؤثر کردار ادا کرنے والی خواتین کی خدمات کو سراہنا ہے۔ یہ اقدام ان خواتین کو اجاگر کرے گا جو اپنی قیادت، حوصلے اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے پاکستان کے سماجی، ثقافتی، سائنسی اور معاشی مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
لوریئل پاکستان گزشتہ سترہ برسوں سے ملک میں حسن، فیشن اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مختلف منصوبوں کے ذریعے اہم کردار ادا کر رہا ہے، جن میں برائیڈل ویک، ایمبیسیڈر آف فیشن، بیوٹی فار اے بیٹر لائف اور ڈیجیٹل خواندگی پروگرام شامل ہیں۔ "ویمن آف ورتھ” اسی سلسلے کی ایک نئی کڑی ہے، جس کا مقصد حسن کے تصور کو ظاہری شکل سے آگے بڑھاتے ہوئے خواتین کے معاشرتی اثر کو تسلیم کرنا ہے۔
یہ پلیٹ فارم تین بنیادی ستونوں پر کام کرے گا جن میں اعتراف، کہانیوں کو اجاگر کرنا اور اثر کو فروغ دینا شامل ہیں۔ اس اقدام کے پہلے مرحلے میں چار نمایاں خواتین کو اعزاز سے نوازا جائے گا جبکہ 25 سال سے کم عمر ایک ابھرتی ہوئی نوجوان آواز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اس پلیٹ فارم کے تحت خواتین کو درجہ بندی کے بجائے اجتماعی طور پر سراہا جائے گا، تاکہ ان کی قیادت، مقصدیت اور معاشرے پر دیرپا اثر کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس کے ذریعے نچلی سطح پر قیادت، جدت اور حوصلے کی کہانیوں کو قومی سطح پر پیش کیا جائے گا۔
شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے ایک آزاد مشاورتی کونسل اور جیوری تشکیل دی جائے گی، جس میں صحافت، تعلیم، سماجی خدمات، صحت، قانون اور ثقافت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شامل ہوں گی۔
یہ پلیٹ فارم پانچ مختلف شعبوں میں خواتین کو تسلیم کرے گا جن میں سماجی خدمات و قیادت، سائنس و صحت اور جدت، فنون و ثقافت، کھیل اور حوصلہ مندی، جبکہ نئی نسل کی ابھرتی ہوئی آوازیں شامل ہیں۔
اس موقع پر لوریئل پاکستان کے ایگزیکٹو جنرل مینیجر ریحان سعید نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ان خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جو پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام کے ذریعے ایسی متاثر کن کہانیوں کو سامنے لایا جائے گا جو دیکھنے، سننے اور یاد رکھنے کے قابل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نامزدگیوں کا آغاز رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا جبکہ اس پروگرام کا پہلا مرحلہ اپریل سے جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔
