وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) اور لاہور قلندرز کے اشتراک سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلز بھرپور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے، جن میں ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے شرکت کی اور اپنی کرکٹ مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
دو روزہ ان ٹرائلز میں نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ کوالیفائیڈ کوچز اور لاہور قلندرز کے ماہر اسٹاف نے تمام شرکاء کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی سے لڑکوں اور لڑکیوں کی ایک ایک بہترین ٹیم منتخب کی۔ یہ اقدام علاقے کی کرکٹ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے کے وژن کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او، عاطف رانا نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے نوجوانوں کے جذبے اور محنت کو سراہا اور اسے شاندار کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے بہترین کھلاڑیوں کی دریافت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروگرام پاکستان میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
عاطف رانا نے وزیراعظم شہباز شریف، پی ایم وائی پی چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا، جن کی تعاون سے ملک بھر میں یہ ٹرائلز منعقد ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
منتخب ہونے والے کھلاڑیوں نے اس اعزاز پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم، پی ایم وائی پی اور لاہور قلندرز نے انہیں وہ منفرد اور شاندار پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس کا وہ ہمیشہ سے خواب دیکھتے تھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ محنت اور لگن سے لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے پی ایم وائی پی-لاہور قلندرز ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلز نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور انہیں مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا بھر میں اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔
