خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کیلئے کے ایس ریلیف کی ہنگامی امداد

newsdesk
2 Min Read

خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سعودی فلاحی ادارہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) نے ہنگامی امدادی سامان کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو فوری اور مؤثر امداد فراہم کرنا ہے۔

KSrelief کی جانب سے سب سے زیادہ متاثر اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، دیر اپر، دیر لوئر، صوابی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ ادارے نے اس مقصد کے لیے دس ہزار شیلٹر این ایف آئی کٹس اور دس ہزار فوڈ پیکجز مختص کیے ہیں۔ ہر شیلٹر کٹ میں ایک خیمہ، شمسی پینلز کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک چٹائیاں، برتنوں کا سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن سمیت روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء شامل ہیں۔

اسی طرح، ہر فوڈ پیکج 95 کلوگرام پر مشتمل ہے، جس میں آٹا، چینی، دالیں اور خوردنی تیل موجود ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

امدادی سامان کی تقسیم قومی آفات سے نمٹنے والے ادارے (NDMA)، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (PDMA)، ریلیف، بحالی و آبادکاری محکمہ خیبر پختونخوا، مقامی انتظامیہ اور KSrelief کے شراکت دار اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے شفاف اور بروقت طریقے سے کی جا رہی ہے۔

اس امدادی سلسلے سے سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے پاکستان کے عوام کے ساتھ مشکل وقت میں فوری انسانی امداد فراہم کرنے کے عزم کا مظاہرہ ہوتا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے