اسلام آباد میں قازقستان کے سفیر یرزھان کیستافِن اور ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف نے پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں قازقستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور آئندہ منصوبہ بندی پر بات چیت کی گئی۔
قازقستان کے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ریلوے منصوبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
ملاقات میں وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کردہ تجاویز کی حمایت کی اور قازقستان کے ساتھ نقل و حمل اور لاجسٹکس میں تعاون بڑہانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے موجودہ روٹس کو متنوع بنانے اور ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ فارمیٹس کے استعمال کے ذریعے تجارتی روابط مضبوط کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر قازقستان کی جانب سے وزیر ریلوے کو الماتی میں ہونے والی "ٹرانس لاجسٹیکا قازقستان 2025” بین الاقوامی نمائش اور "نیو سلک وے” ٹرانسپورٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی، جس پر محمد حنیف عباسی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت قبول کی۔
