اسلام آباد میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے نئے صدر سعد الاحمد سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعلیمی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران قازق سفیر نے صدر سعد الاحمد کو ان کی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی اور قازقستان کے مابین تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے عالمی و روایتی مذاہب کے رہنماؤں کے کانگریس اور قازقستان کی جامعات کے ساتھ جاری شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور یونیورسٹی قیادت کی سرگرم شرکت کو سراہا۔ سفیر نے صدر کو اس کانگریس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
اس موقع پر صدر سعد الاحمد نے قازقستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور تعلیمی تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی اور کانگریس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
علاوہ ازیں، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قازقستان کی جامعات کے درمیان شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں مشترکہ تحقیقی مرکز قائم کیا جائے گا جس میں قازقستان کی ایک یونیورسٹی بھی تعاون کرے گی۔
