قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی مرکزی رن وے کی تعمیر و بحالی کے بڑے منصوبے میں اہم کامیابی حاصل کر لی گئی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پیمنٹ کوالٹی کنکریٹ (PQC) کے تعمیراتی کام طے شدہ مدت سے ایک ماہ پہلے مکمل کر لیے ہیں، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دیے گئے۔
پی اے اے کے مطابق رن وے 07 ایل/25 آر پر یہ تعمیرات جدید سلیپ فارم پیونگ ٹیکنالوجی کے ذریعے کی گئیں، جس کے دوران چوبیس گھنٹے بلاتعطل کام جاری رہا اور تمام فريقین اپنی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے رہے۔ اس کامیابی کا شمار ہوائی اڈے کی اپ گریڈیشن کے جاری منصوبے کی بڑی پیش رفت میں ہوتا ہے، جو پاکستان کی فضائی انفراسٹرکچر کی جدیدیت کی جانب اہم سنگ میل ہے۔
ادھر ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم کی تنصیب بھی زور و شور سے جاری ہے، جس میں درآمد شدہ لائٹس، کیبلز اور رہنمائی کے سائن بورڈز شامل ہیں۔ یہ سامان مکمل طور پر پہنچ چکا ہے اور اس کی فٹنگ پر کام ہو رہا ہے۔
مزید برآں رن وے پر سینٹر لائن پینٹنگ اور ٹیکسی وے مارکنگز جیسے حتمی کام بھی مکمل کیے جا رہے ہیں، جو منصوبے کی تکمیل کے لیے ناگزیر ہیں۔ پی اے اے کا کہنا ہے کہ اس مرحلے کی کامیاب تکمیل پاکستان میں ہوائی سفر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے مشن کو تیز کر دے گی۔
