جاپان کے وزارتِ خارجہ نے لاہور فلوریٹیج سوگیتسو اسٹڈی گروپ کی چیئرپرسن، نوین سید کو جاپانی وزیر خارجہ کی خصوصی تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔ نوین سید کو یہ اعزاز جاپان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
لاہور فلوریٹیج سوگیتسو اسٹڈی گروپ ایک ثقافتی تنظیم ہے جو جاپانی طرز کے پھولوں کی سجاوٹ "ایکیبانا” کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ اس تنظیم کے تحت نوین سید نے پاکستان میں جاپانی ثقافت متعارف کروانے کے لیے کئی کلاسز اور نمائشوں کا انعقاد کیا، جس سے پاکستانی عوام کو جاپان کی روایت سے قریب تر آنے کا موقع ملا۔
جاپان کے سفیر برائے پاکستان، شنچی اکاماتسو نے اس اہم اعزاز پر نوین سید کو دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تعریفی سند پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی روابط اور عوامی ربط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ نوین سید مستقبل میں بھی "ایکیبانا” کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کا پل بن کر اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔
جاپانی وزیر خارجہ کی تعریفی سند دینے کی خصوصی تقریب آئندہ منعقد ہو گی، جس میں سفیر اکاماتسو جاپان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ اعزاز نوین سید کو پیش کریں گے۔
