جاپان سیلف ڈیفنس فورسز کی ۷۱ویں یومِ تاسیس کی تقریب

newsdesk
3 Min Read
اسلام آباد میں جاپان سیلف ڈیفنس فورسز کی ۷۱ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور سفیر اکاماتسو نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں جاپان کے سفارتخانے کے زیر اہتمام جاپان سیلف ڈیفنس کی ۷۱ویں یومِ تاسیس کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ جاپانی سفیر اکاماتسو شویچی کی میزبانی میں منعقدہ اس تقریب میں حکومتی نمائندے، سفارتکار، کاروباری حلقوں اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا اور اس کے بعد مہمانِ خصوصی اور جاپانی سفیر نے کیک کاٹ کر رسمی افتتاح کیا۔ جاپان سیلف ڈیفنس کی نمائندگی کرنل آبے کازوو نے کی جبکہ معزز مہمانوں میں مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ، اعزازی کونسل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور ان کی بیگم خدیجہ ندیم بھی شامل تھیں۔اس موقع پر سید فیروز شاہ، سید ندیم عالم شاہ اور خدیجہ ندیم نے جاپانی سفیر اور ان کی اہلیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے گلدستے پیش کیے۔ پروگرام کے دوران صحافیوں اور مہمانانِ خاص سے گفتگو میں جاپان سیلف ڈیفنس کے تعلقات، باہمی تعاون اور دو طرفہ دفاعی مشاورت کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاپانی سفیر اکاماتسو شویچی نے تقریر میں کہا کہ ان کے ملک اور پاکستان کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر مضبوط ہورہے ہیں اور انہوں نے دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دیکھنے کے جاپان کے عزم کو اجاگر کیا۔ سفیر نے مزید بتایا کہ جاپانی بحریہ کے جہاز موراسامے نے اس سال پاکستان میں منعقدہ مشترکہ مشق امن ۲۵ میں حصہ لیا جبکہ اس سال مئی میں پاکستان کے قومی دفاعی یونیورسٹی کے افسران کا جاپان کا دورہ بھی عمل میں آیا۔ دفاعی مشاورت کا اگلا اجلاس دسمبر میں منعقد ہوگا تاکہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکے۔مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ نے تقریب سے خطاب میں جاپان کی دوسری جنگ عظیم کے بعد تیز رفتار ترقی کو سراہا اور کہا کہ جاپان معاشی، تکنیکی اور سماجی شعبوں میں ایک نمونہ بن چکا ہے جہاں مادی ترقی کے ساتھ انسانی اقدار کا احترام بھی نمایاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے تعلقات خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔تقریب میں شریک دیگر معروف شخصیات میں سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی اور وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک شامل تھے۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی اور دیگر شرکاء نے جاپانی سفیر کے ہمراہ گروپ فوٹو کروایا جس میں مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ، اعزازی کونسل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور ان کی بیگم خدیجہ ندیم بھی نظر آئے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے