پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تحقیقی تعاون کی نئی راہیں

newsdesk
2 Min Read

اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز (آئی ایس ایس آئی) اور بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز (بی آئی آئی ایس ایس) نے باہمی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تحقیقی اور تعلیمی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان و بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

یہ معاہدہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ڈھاکہ آمد کے دوران ایک سرکاری تقریب میں طے پایا۔ تقریب میں بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار انیس نے بی آئی آئی ایس ایس کی جانب سے دستخط کیے، جبکہ اسلام آباد کی طرف سے پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے اس دستاویز کو دستخط کیا۔

تقریب میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن میں وزیراعظم اسحاق ڈار، بنگلہ دیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین، پاکستان کے ایڈیشنل فارن سیکریٹری (ایشیا پیسفک) سفیر عمران احمد صدیقی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔

آئی ایس ایس آئی اور بی آئی آئی ایس ایس کے درمیان یہ معاہدہ دونوں ملکوں کی باہمی ہم آہنگی اور عوامی تعلقات کو فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کی ترجمانی کرتا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے علمی روابط قائم کریں گے، تحقیق میں مل کر کام کریں گے اور ابھرتے ہوئے قومی، علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ تحقیق کو فروغ دیں گے۔ معاہدے میں معلومات کا تبادلہ، تحقیقی و تعلیمی پروگراموں کی بہتری اور ماہرین و ریسرچرز کی ایکسچینج بھی شامل ہے۔

معاہدے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس ایس آئی سفیر سہیل محمود نے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے علمی و تحقیقی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور پاک بنگلہ دیش برادرانہ تعلقات میں مثبت اضافہ ہوگا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے