اسلام آباد میں مضر صحت گوشت کیخلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائی

newsdesk
2 Min Read

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ایک اہم کارروائی کے دوران 160 کلوگرام مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا ہے۔ یہ کارروائی گولڑہ روڑ پر اُس وقت ہوئی جب ایک گاڑی میں غیر معیاری گوشت کو شہر میں لایا جا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ناقص خوراک سے محفوظ بنانا ہے۔

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیم نے گاڑی کی تلاشی کے دوران دیکھا کہ اس میں موجود گوشت سے شدید بدبو آ رہی تھی اور اس پر کسی بھی مذبح خانے کی تصدیق شدہ سٹیمپ موجود نہیں تھی۔ ان خلاف ورزیوں کی بنا پر تمام گوشت کو موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بتایا کہ نہ صرف گوشت پر سرکاری سٹیمپ کی کمی تھی بلکہ اسے ذخیرہ کرنے اور اس کی درجہ حرارت کی حالت بھی طے شدہ اصولوں کے خلاف تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ شہر میں مضر صحت گوشت کی فراہمی ہر صورت ناممکن بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے مزید کہا کہ میٹ سیفٹی ٹیم کی جانب سے روزانہ سرپرائز انسپکشنز کی جا رہی ہیں، تاکہ کسی بھی غیر معیاری یا مضر صحت گوشت کی فروخت کا فوری سدباب کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی صحت اور جان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے