اسلام آباد کے شہری و دیہی مسائل کا حل، سی ڈی اے کی ترجیح

newsdesk
4 Min Read

اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، جنہیں اسلام آباد کے اراکین پارلیمنٹ کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہے۔ اس حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ اور نارکوٹکس کے چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز اور رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان پر مشتمل پارلیمانی وفد نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے باسیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اراکین پارلیمنٹ اور سی ڈی اے کے درمیان مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کے کردار کو بھی نہایت اہم قرار دیا۔

اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ نے اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور شہریوں کی فلاح کے لیے سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کیں کہ وہ کوڈل فارملیٹیز مکمل کر کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کریں۔

اجلاس میں اسلام آباد ایکسپریس وے کی گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور ہارٹی کلچر کے امور کے ساتھ کھیلوں کی سہولیات فراہمی کے لیے بھی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے ڈی جی انوائرمنٹ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا تاکہ پارکوں، گرین بیلٹس اور کھلی جگہوں کے مؤثر استعمال کو بہتر بنایا جا سکے۔

علاوہ ازیں، شہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و تزئین، خوبصورت و مستقل لائٹس کی تنصیب، نئے اور پرانے پارکس کی اپ گریڈیشن اور نئی سڑکوں و انڈر پاسز کی تعمیر پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے حال ہی میں اسلام آباد واٹر اتھارٹی کے قیام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جبکہ شہر میں نئے قبرستانوں کے لیے مناسب اراضی کی نشاندہی اور فراہمی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں بس سروسز کے نئے روٹس شروع کرنے اور الیکٹرک بسوں کی افادیت کو مزید فروغ دینے کی تجاویز بھی سامنے آئیں جن پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید روٹس متعارف کرانے پر غور کیا جائے گا۔ ساتھ ہی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز پر بھی بریفنگ دی گئی اور چیئرمین سی ڈی اے نے زور دیا کہ سی ڈی اے انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ مل کر شہر کو زیادہ خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے لیے پودے لگانے کے عمل کو مزید تیز کریں گے۔

مزید برآں، سی ڈی اے میں پیپر لیس اور کیش لیس نظام کے نفاذ اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا گیا۔ شرکاء نے شہری اور دیہی علاقوں کے مسائل کے حل کی مستقل نگرانی اور بروقت حل کے لیے باقاعدہ فالو اپ میکنزم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ اسلام آباد کے عوام کے مسائل کو جلد حل کیا جا سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے