اسلام آباد میں لیکروس کلینک اور ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں اس کھیل کے فروغ کو ممکن بنانا تھا۔ اس ایونٹ میں چالیس سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور کھیل کی مہارتوں کو سیکھنے کا موقع پایا۔
اس موقع پر راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل عارف محمود نے خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات، شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں اور کھیل کے فروغ میں ان کی دلچسپی و محنت کو سراہا۔ پاکستان لیکروس فیڈریشن کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل سرمد شباب اور سیکریٹری طیفور زرین نے کھلاڑیوں کو کھیل کی بنیادی مہارتوں جیسے پاسنگ، کیچنگ، کرڈلنگ، شوٹنگ، دفاعی تکنیک اور اصولوں سے آگاہ کیا۔
اس پروگرام کے انعقاد میں اسلام آباد لیکروس ایسوسی ایشن کی کوآرڈینیٹر مس چمن مشتاق اور پنجاب اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اسپورٹس آفیسر شفقات نیازی نے نمایاں کردار ادا کیا۔ مشہور انٹرنیشنل کرکٹر ارشد بھٹی نے بھی خصوصی شرکت کی اور پاکستان میں مختلف کھیلوں کے فروغ کی حمایت کا اظہار کیا۔
چیف گیسٹ عارف محمود نے پاکستان لیکروس فیڈریشن اور اسلام آباد لیکروس ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں اس تیز اور دلچسپ کھیل کو متعارف کروانا مثبت قدم ہے اور اس طرح کے گراس روٹ پروگرام جاری رہنے چاہئیں۔ نواز شریف پارک میں جاری یہ تربیتی کیمپ ایک ماہ تک جاری رہے گا جس میں کھلاڑیوں کو باقاعدہ پریکٹس، مہارتوں کے فروغ اور میچ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
