اسلام آباد کے ایف-10 مرکز اور ایف-11 میں واقع پانچ معروف صحت کے مراکز میں ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی ٹیم نے تفصیلی معائنہ کیا۔ اس معائنہ کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ ان اداروں میں اسپتالوں کا فضلہ ای پی اے کے مقررہ رہنما اصولوں کے مطابق ٹھکانے لگایا جا رہا ہے یا نہیں۔
معائنے میں ایکسل لیبز، آئی ڈی سی، الشفا انٹرنیشنل لیبز، سر ف ہسپتال اور معروف انٹرنیشنل ہسپتال شامل تھے۔ بیشتر صحت کے مراکز میں رنگین کوڈ والے ڈبوں، درست علیحدگی اور محفوظ اسٹوریج کے اصولوں کی پابندی دیکھی گئی جو ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے معیارات کے مطابق تھی۔
تاہم معروف انٹرنیشنل ہسپتال میں ماحولیاتی ٹیم نے طبی فضلے کی صحیح علیحدگی نہ ہونے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ای ایم ٹی ٹیم نے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ بہتری لائی جا سکے۔
پاک ای پی اے نے عزم دہرایا ہے کہ صحت کے مراکز میں پائیدار ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے عوامی صحت اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
