اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد شہریوں کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک ڈینگی وائرس کے 122 تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر مری کا سفر کرنے والے افراد شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق، شہریوں کو چاہیے کہ وہ گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں، گملوں، ٹینکیوں اور برتنوں کا منہ بند رکھیں اور مچھر دانی یا مچھر بھگانے والا لوشن لازمی استعمال کریں۔ اسی طرح کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگانا اور ہلکے رنگ کے مکمل آستین والے کپڑے پہننا بھی اہم ہے۔ حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی کو بخار یا جسم میں درد جیسی علامات محسوس ہوں تو فوراً قریبی اسپتال یا ہیلتھ سینٹر سے رجوع کریں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
