ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے امیر، ڈاکٹر شفیق الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جو حال ہی میں دل کے آپریشن کے بعد صحتیابی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزیر اعظم پاکستان اور اپنی جانب سے ڈاکٹر شفیق الرحمان کے لیے نیک تمناوں اور جلد صحتیابی کی دعا پیش کی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ڈاکٹر شفیق الرحمان کی سیاست، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں دیرینہ اور مثبت خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شفیق الرحمان کی خدمات نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ معاشرے کے وسیع تر مفاد کے لیے قابل تقلید ہیں۔ اسحاق ڈار نے ڈاکٹر شفیق الرحمان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے اُن کے خاندان کے افراد سے بھی ملاقات کی اور حکومت پاکستان کی جانب سے تعاون اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
