ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پہزشکیان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے مشکل گھڑی میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔
صدر ایران نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
ڈاکٹر مسعود پہزشکیان نے اپنی گفتگو میں اس امر کا اعادہ کیا کہ ایران پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کے عوام کی مشکلات کو اپنا سمجھتے ہیں اور ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور ایران کی طرف سے اظہار ہمدردی اور امداد کی پیشکش کو سراہا۔ پاکستان اور ایران کے رہنماؤں نے اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
