ایران اور پاکستان کی تاریخی دوستی اور نئی پیش رفت

newsdesk
3 Min Read

ایران کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد ایرانی حکام کی جانب سے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے نام خصوصی پیغام میں شکریہ اور محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایرانی حکام نے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دوطرفہ تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوا ہے اور دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

ایرانی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس دورے کے دوران ایرانی وفد کو یادگار اور تاریخی لمحات فراہم کیے۔ صدر آصف علی زرداری کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے وفد کی ایوان صدر میں میزبانی کی۔ ایران نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی موجودگی کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔

اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ کے عملے کی پوری ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور انتھک محنت کو بھی ایرانی حکام نے سراہا۔ دورہ لاہور کے دوران میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گرمجوشی اور مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

ایرانی وفد نے مختلف وزراء ریا ض حسین پیرزادہ، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، عبدالعلیم خان، محمد رضا حیات ہراج اور عطا اللہ تارڑ کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے بارہ اہم معاہدوں کو حتمی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں اور دونوں ملک تجارت، انفراسٹرکچر اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں کئی اہم معاہدے کرچکے ہیں۔ حالیہ دورہ دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید ہے۔

دونوں ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ باہمی تجارت کو بڑھا کر دس ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ ایرانی حکام نے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں اور تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پیغام کے آخر میں ایران اور پاکستان کی دوستی کو زندہ اور پائندہ رہنے کی دعا دی گئی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے