نئے سال 2026 پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی پاکستان کو دلی مبارکباد

newsdesk
3 Min Read
ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے حکومت اور عوام کو سال نو ۲۰۲۶ کی نیک خواہشات پیش کیں اور دوطرفہ تعاون میں مزید مضبوطی کی امید ظاہر کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے نئے سال 2026 کے پُرمسرت موقع پر حکومتِ پاکستان اور برادر، دوست و ہمسایہ پاکستانی عوام کو صحت، خوشحالی اور کامیابی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ نیا سال دونوں ممالک کے لیے امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کا پیامبر ثابت ہو، اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے نئے مواقع پیدا کرے۔

ایرانی سفیر نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، وفاقی کابینہ، اسپیکر اور اراکینِ قومی اسمبلی، چیئرمین اور اراکینِ سینیٹ کی مضبوط سیاسی عزم اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے کی گئی قیمتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور برادرانہ تعاون نے پاک ایران تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے مشترکہ سرحدوں کے امن و استحکام اور بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پاکستان کی قربانیوں اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

سفیرِ ایران کے مطابق سال 2025 پاک ایران دوطرفہ تعلقات کی تاریخ کا ایک غیر معمولی اور کامیاب سال رہا، جس میں دونوں ممالک کی قیادت کے پختہ عزم، حکومتی اداروں کی انتھک محنت اور عوام کی ثابت قدمی کے باعث تعلقات نے نئی اور بے مثال تاریخی سطح حاصل کی۔ اس دوران دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ایرانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے عوام بارہ روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی اصولی اور مضبوط حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

آخر میں رضا امیری مقدم نے ایک بار پھر نئے سال 2026 کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے