ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ نے کنٹونمنٹ بورڈز کے لیے ایک جامع اندرونی آڈٹ فریم ورک متعارف کروا دیا ہے جس کا مقصد شفافیت، احتساب اور آپریشنل نظام کی بہتری کے ذریعے مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنانا اور بروقت اصلاحی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
اس اقدام کی منظوری سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی ہلال امتیاز کی ہدایت پر اور ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل عرفان احمد ملک کی دوراندیش کوششوں کے نتیجے میں دی گئی۔ موجودہ نظام میں بیرونی آڈٹس ڈائریکٹوریٹ جنرل آڈٹ، ڈیفنس سروسز کے تحت ہوتے رہے ہیں، تاہم طویل عرصے سے اندرونی نگرانی کے ایک مربوط نظام کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی تاکہ ابتدائی مرحلے پر خامیوں کی نشان دہی ہو سکے اور بیرونی آڈٹس کے دوران اعتراضات کم ہوں۔
نئے فریم ورک کے بنیادی مقاصد میں آڈٹنگ کے طریقہ کار میں شفافیت اور یکسانیت، فیلڈ دفاتر کے ہر سطح پر مؤثر احتساب، اور ابتدائی مرحلے میں بے ضابطگیوں یا غیر ضروری طریقہ کار کی فوری شناخت اور اصلاح شامل ہیں۔ اس سے نہ صرف آڈٹ کے عمل میں بہتری آئے گی بلکہ کنٹونمنٹ بورڈز کے رویّے اور طریقہ کار میں یکسانیت بھی قائم ہوگی۔
ہیدکوارٹرز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صائمہ شاہ کی قیادت میں ایک معیاری طریقۂ کار تیار کیا گیا ہے جو منصفانہ اور مؤثر انداز میں انسپیکشن اور آڈٹ کے واضح اصول اور عملی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس طریقہ کار کے نفاذ سے تمام بورڈز میں عملدرآمد کو مربوط کیا جائے گا اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ یہ اصلاحات ادارے کے داخلی چیک اینڈ بیلنس کو مضبوط کرنے کے عزم کا ثبوت ہیں اور یہ فریم ورک محض رہنمائی نہیں بلکہ اعتماد کی بحالی، مالی نظم و ضبط کے قیام اور بنیادی سطح پر موثر نتائج فراہم کرنے کا ایک عہد ہے۔ اس سے کسی بھی کوتاہی، غلط عمل یا غیر قانونی سرگرمی کو ابتدائی مرحلے پر شناخت کر کے فوری طور پر درست کیا جا سکے گا۔
حکومت کے مطابق اس اقدام سے کنٹونمنٹ بورڈز کے مالی نظام میں پختگی آئے گی، ضوابط پر عملدرآمد بہتر ہوگا اور مجموعی طور پر بورڈز کی کارکردگی اور ساکھ میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں عوامی خدمات کی فراہمی اور اچھی حکمرانی کے امور میں بہتری متوقع ہے۔
