قومی اسمبلی داخلہ و منشیات کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں

newsdesk
4 Min Read

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کا سولہواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اہم معاملات پر غور کیا گیا، منشیات کے پھیلاؤ کے خلاف اقدامات اور وفاقی و صوبائی اداروں کے تعاون سمیت قانون سازی کے امور زیر بحث آئے۔

اجلاس کی صدارت رکن اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز نے کی۔ کمیٹی نے اپنے سابقہ اجلاس کی کاروائی کی توثیق کرتے ہوئے مختلف سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین اور ایف الیون کو جلد از جلد مکمل طور پر صاف کیا جائے گا۔

اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر نے ایجنسی کی کارکردگی اور منشیات کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے منشیات کے خلاف ریپڈ ریسپانس یونٹ قائم کیا ہے، تاہم افرادی قوت کی قلت کے باعث اس کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک صوبائی ادارہ ہے، مزید تفصیلات سندھ حکومت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ وفاقی سطح پر 32 قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کام کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستان کو منشیات سے پاک ملک بنانا ہے اور جب بھی ضرورت ہو، اینٹی نارکوٹکس فورس اس ٹاسک فورس کے تحت صوبائی یونٹس کی مدد کرتی رہے گی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ کمیٹی نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو ہدایت کی کہ وہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے اور آئندہ اجلاس میں مفصل رپورٹ پیش کرے، جس پر متعلقہ رکن اسمبلی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں فوجداری ضابطہ (ترمیمی) بل 2025 پر غور کے بعد سفارشات مرتب کر کے آگے بھیج دیا گیا۔ تاہم کیمیکل ایسڈ حملہ کے تدارک، جہیز کی روک تھام اور گھریلو تشدد کی روک تھام سے متعلق بعض بلز پر آئندہ اجلاس تک غور ملتوی کر دیا گیا، جبکہ اسلام آباد کے جانوروں کے تحفظ سے متعلق بل واپس لے لیا گیا۔

ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے تھوکر نیاز بیگ، لاہور میں درج ایک اہم کیس کی پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس معاملے کو مزید تاخیر کا شکار نہ بنایا جائے اور جلد از جلد حل کیا جائے۔ اس کے علاوہ، ویزہ و پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کی فہرست بنا کر وزیر مملکت برائے داخلہ کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے کیرپا تھانے میں درج ہونے والی ایف آئی آرز اور ایک متنازعہ معاملے پر بریفنگ دی، جس پر کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین پر قبضے اور دفتر کے عملے کو روکے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کے ساتھ مل کر مسئلہ فوری حل کیا جائے۔

اجلاس میں منتخب اراکین قومی اسمبلی اور مختلف وفاقی محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے