بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں تین روزہ انٹر فیکلٹی فٹ بال بوائز چمپئن شپ اختتام پذیر
یو آئی ایم ایس نے فائنل میچ میں یو آئی آئی ٹی کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں جاری تین روزہ انٹر فیکلٹی فٹ بال بوائز چمپئن شپ 2025-26 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ افتتاحی تقریب کا آغاز ڈائریکٹر اسپورٹس رانا زاہد قمر نے کیا، جبکہ فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، پرنسپل آفیسران، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
فائنل کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل اور غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کی جامع شخصیت سازی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم صرف کلاس روم تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کو جنم دیتا ہے، اور یہی طلبہ کو زندگی کے چیلنجز سے نپٹنے کے لیے مضبوط بناتا ہے۔ کھیل باہمی برداشت، ٹیم ورک، قیادت اور نظم و ضبط کا درس دیتے ہیں جو زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں توازن قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ طلبہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ عملی زندگی میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
چمپئن شپ میں یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز اور انسٹی ٹیوٹس کی 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔ تین روزہ مقابلوں میں دلچسپ اور سنسنی خیز میچز دیکھنے کو ملے۔ فائنل میچ میں یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز(یو آئی ایم ایس) اور یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی(یو آئی آئی ٹی) آمنے سامنے ہوئیں۔ مقررہ وقت تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا۔ یو آئی ایم ایس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی حاصل کی اور چمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ڈاکٹر قمرالزمان نے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کو اس کامیاب اور منظم ایونٹ کے انعقاد پر سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید بین الفیکلٹی و انٹر یونیورسٹی سطح کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹرافی، میڈلز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو بھی ان کی شاندار کارکردگی پر سراہا گیا۔
Read in English: UIMS Wins Interfaculty Football Championship
