اسلام آباد میں امارت ڈاؤن ٹاؤن کی ماحولیاتی سماعت اور تحفظ کے اقدامات

newsdesk
3 Min Read

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے زون فائیو میں امارات ڈاؤن ٹاؤن (امارات بزنس ڈسٹرکٹ) کے قیام کے حوالے سے عوامی سماعت کامیابی سے منعقد ہوئی، جس میں ماحولیاتی تحفظ، حفاظت اور پائیداری سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ اس اجلاس کو ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) کی نگرانی میں منعقد کیا گیا اور مختلف اسٹیک ہولڈرز نے سماعت میں بھرپور حصہ لیا۔

پروجیکٹ کے نمائندوں نے سماعت کے دوران شرکاء کے سوالات کے جواب دیے اور وضاحت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران پانی اور فضلہ کے بہتر انتظام، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، شور کی آلودگی پر قابو پانے، اور صحت و حفاظت کے بہتر اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فضا میں آلودگی اور گردوغبار کو کنٹرول کرنے کے لیے مشینری کی باقاعدہ دیکھ بھال، اسپرنکلرز اور وقفے وقفے سے پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء نے مزید تجاویز پیش کیں، جیسے کہ جہاں ممکن ہو وہاں گرد روکنے کے لیے حفاظتی پردے لگانا اور تعمیراتی مواد کو ڈھانپ کر رکھنا۔

پانی کی فراہمی کے متعلق بتایا گیا کہ زیر زمین پانی کا استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیوریج کے پانی کو پانچ کنال پر محیط سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کیپیٹل انکلیو سوسائٹی کے تعاون سے صاف کیا جائے گا۔

ماحولیاتی استحکام کے حوالے سے پروجیکٹ کے نمائندوں نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد کی سب سے بڑی مصنوعی اربن جنگل اگانے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب تک 3 لاکھ درخت لگا دیے گئے ہیں۔ اس مقصد سے اگلے چھ برسوں میں پراجیکٹ سے خارج ہونے والے تخمینہ شدہ 68,716.99 میٹرک ٹن کاربن کے اخراج کا 50 فیصد سے زائد حصہ مواد میں بہتری کے ذریعے کم کیا جائے گا، جبکہ باقی کاربن ان جنگلات کے ذریعے جذب کیا جائے گا۔

عوام کی تجاویز اور پراجیکٹ ٹیم کی تمام یقین دہانیاں باقاعدہ ریکارڈ کی گئیں اور منظوری کے عمل کے لیے متعلقہ حکام کو بھجوا دی جائیں گی۔ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور پروجیکٹ انتظامیہ نے عوام کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ماحول دوست ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے